بنگلورو،30؍جون (ایس او نیوز) ہائی کورٹ نے ریاست میں اساتذہ کے تبادلوں پر روک منسوخ کردی ہے۔ ہائی کورٹ نے 8؍مئی کو اساتذہ کے تبادلوں پر روک لگائی تھی۔ روک ہٹائے جانے کے لئے ریاستی حکومت کی عرضی کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس ایچ جی رمیش اور محمد نواز کی دورکنی بنچ نے یہ فیصلہ دیا۔ اس فیصلہ کے بعد ریاست میں اساتذہ کے تبادلے کا عمل دوبارہ شروع ہونے کی امید ہے۔ یاد رہے کہ محکمۂ تعلیمات کے یکم اور6؍جنوری کے نوٹی فکیشن کو چیلنج کرتے ہوئے عرضی داخل کی گئی تھی اور ہائی کورٹ نے اساتذہ کے تبادلوں پر روک لگادی تھی۔ روک ہٹائے جانے کی درخواست میں ریاستی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ اساتذہ کے تبادلے کے قانون میں ترمیم کے بعد ہی محکمۂ تعلیمات نے نوٹی فکیشن جاری کیاتھا حکومت نے بتایا کہ ترمیم دیہی علاقوں میں اساتذہ کی خاطر خواہ تعیناتی کو یقینی بنانے کے لئے کی گئی ہے۔